مواد پر جائیں
Azeem Hind

*قحط سے متاثرہ کسانوں کو قرضوں کی ادائیگی میں عارضی راحت فراہم کی جائے: ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا* *اہل کسانوں کے قرضوں کی آر بی آئی اور ایس ایل بی سی کے رہنمایانہ اصولوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دی جائے* *غیر قانونی قرض وصولی اور زیادہ سود وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ*

محمد ظہیر الدین عظیم2 منٹ کی پڑھائی

7، نومبر (عظیم ہند نیوز) جنگاؤں ضلع کے قحط سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کے نقصانات اور مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے کسانوں کو بینک قرضوں کی ادائیگی میں عارضی راحت (موریٹوریم) فراہم کرنے کے لیے آر بی آئی اور ایس ایل بی سی کے رہنمایانہ اصولوں کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔ یہ ہدایات ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا نے جاری کیں۔

ہفتہ کے روز ضلع کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں لیڈ بینک کے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی ڈی سی سی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ ضلع کے چار منڈلوں کو قحط سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔ اہل کسانوں کے فصل قرضوں کی ازسرنو ترتیب کی جائے اور انہیں قرض کی ادائیگی میں مناسب مہلت فراہم کی جائے۔

کلکٹر نے سود خوروں، مائیکرو فینانس اداروں اور پان بروکرس کی جانب سے کسانوں اور عام عوام کو ہراساں کرنے، زیادہ سود وصول کرنے اور زبردستی قرض وصولی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ قرض وصولی کے لیے دھمکیاں دینے یا باؤنسرس کا استعمال کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے سرکاری اسکیموں کے تحت زیر التواء قرض درخواستوں کو ایک ہفتہ کے اندر جانچ کرتے ہوئے اہل افراد کو قرض منظور کرنے یا مسترد کرنے کی وجوہات واضح کرنے کی ہدایت دی۔ پی ایم ایف ایم ای، کسان کریڈٹ کارڈ، مویشی پروری اور ماہی گیری سے متعلق قرض درخواستوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

کلکٹر نے کسانوں کو سبزیوں کی کاشت، باغبانی، مرغی پالن، بھیڑ بکریوں کی پرورش اور ڈیری جیسے متبادل زرعی شعبوں کی جانب راغب کرنے اور ان شعبوں میں بینکوں کے ذریعے مالی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں ایل ڈی ایم پرتیبھا، ڈی آر ڈی او بھاسکر، ڈی وی ایچ او مرلی دھر راؤ، ضلع زرعی عہدیدار امبیکا سونی، میپما پی ڈی ہرش وردھن، ڈی سی او کرونا، مختلف بینکوں کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں